آئی جی پنجاب کا 1787 کمپلینٹ سنٹر کادورہ، شہریوں کی شکایات سنیں

Published On 07 May,2023 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےاتوار کے روز 1787 آئی جی پنجاب کمپلینٹ سنٹر کا سرپرائز وزٹ کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سٹاف ورکنگ کا جائزہ لیا اور شہریوں کی شکایات خود سنیں ، فراڈ کیس میں بروقت کارروائی نہ کرنے پر ڈی ایس پی کی سرزنش کی ۔

آئی جی پنجاب نے شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے اور انصاف کی فراہمی کیلئے بلاتاخیر اقدامات کی ہدایت دی جبکہ اس حوالے سے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ویڈیو پیغام بھی جاری کردیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جو افسران شہریوں کی شکایات کے ازالے میں دلچسپی نہیں لیں گے انہیں کمانڈنگ سیٹ پر رہنے کا کوئی حق نہیں ، ایسے غیر ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا احتساب میں خود کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز 1787 سے بھجوائی گئی شکایات کے ازالے کیلئے اپنی نگرانی میں بروقت اقدامات یقینی بنائیں، شہریوں کے مسائل کو حل کرکے ہی ہم صحیح معنوں میں خدمت خلق کے فرائض ادا کر سکتے ہیں۔