لاہور : (ویب ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد کارروائیوں پر شرپسند عناصر کی گرفتاری کیلئے موبائل ٹریکنگ یونٹ کو متحرک کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق جناح ہاؤس سمیت شہر میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے والے عناصر کی گرفتاری کا ٹاسک سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر سے اب تک رہنماؤں سمیت 300 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
پولیس کے مطابق کلوز سرکٹ فوٹیجز، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ نامزد ملزمان کے علاؤہ شرپسندوں کو گرفتار کرے گی۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ 300 گاڑیوں کو نمبر پلیٹس کی مدد سے ٹریس کیا گیا، گاڑی مالکان کی گرفتاری کیلئے آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ سے معلومات شئیر کی گئیں۔
دوسری جانب سکیورٹی اداروں نے 9 مئی کو قومی املاک جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت اہم مقامات سے 322 افراد کو گرفتار کر لیا، جناح ہاؤس حملے میں اہم سیاسی رہنماؤں سمیت 80 افراد کو شناخت کرکے گرفتار کر کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف مقامات پر ہنگامہ آرائی کرنیوالے 129 افراد گرفتار کرلئے گئے، شیخوپورہ سے 56 اور قصور سے 17 افراد کو گرفتار کیا جبکہ ننکانہ صاحب سے 40 شر پسند گرفتار کئے گئے۔