لاہور : (دنیانیوز) لاہور کے علاقے ملت پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں گھر سے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔
پولیس کے مطابق 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کی لاشیں آج آٹا رکھنے والے صندوق سے برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دونوں کمسن بھائیوں کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرایا گیا تھا، اغواء کی ایف آئی آر کمسن بھائیوں کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے قتل کے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی پنجاب کا دورہ
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملت پارک میں جاں بحق ہونے والے دو کم سن بھائیوں کے گھر کا دورہ کیا ہے ، ڈاکٹر عثمان انور نے بچوں کے والد، عزیزرو اقارب سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کے تمام شواہد کا خود بغورجائزہ لیا اور موقع پر موجود پولیس افسران سے حقائق اور تفتیش میں ہونے والی پیش رفت بارے دریافت کیا۔
آئی جی پنجاب کاکہنا تھا کہ پنجاب پولیس مشکل کی اس غم گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آجائیں گے، متاثرہ خاندان کے مطمئن ہونے تک پولیس اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔