لاہور : (دنیانیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس کا گرینڈ کچہ آپریشن 60 ویں روز میں داخل ہوگیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرینڈ کچہ آپریشن میں 02 ماہ کے دوران 12خطرناک ڈاکو مارے جا چکے ہیں جبکہ 8 سے زائد زخمی ، 26 سرنڈر اور 51 ڈاکو گرفتار کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ڈاکووں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار محمد قاسم شہید جبکہ 03 زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آپریشن میں نو گو ایریا سمجھی جانے والی 60 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ اراضی واگزار کروائی گئی، پولیس کے کلیئر کرائے گئے علاقوں میں 03 پولیس کمیونٹی سکول، 02 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا بتانا ہے کہ پولیس نے آپریشن کے دوران کچہ کریمینلز کے درجنوں خفیہ ٹھکانے، کمین گاہیں اور مورچے تباہ و مسمار اور نذر آتش کر دئیے، کچی مورو، کچہ جمال،کچہ عمرانی، چک کپڑا، چک چراغ شاہ، جونگو ٹھنڈی، خیر پور بمبلی، چک چانڈیہ، رکھ شاہوالی،کچہ راضی سے کریمنلز گینگ کا صفایا کرکے حکومت کی رٹ قائم کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بنگیانی ، سکھانی ، عمرانی ، لنڈ ، دلانی ، پٹ اور سادانی گینگ سمیت ہیڈ منی کے مجرمان بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں ، کمین گاہوں سمیت دیگر مقامات پر پولیس پکٹس قائم کردیے گئے ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے برآمد اسلحہ میں 12.7 مشین گنیں( اینٹی ائیر کرافٹ)، راکٹ لانچرز، جی تھری ، ایس ایم جی، ایل ایم جیز، کلاشنکوف، رپیٹرز ، ہینڈ گرنیڈ اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور آر پی او ڈی جی خان اور ڈی پی او راجن پور کچہ کے آپریشن ایریا میں فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں اور آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں ، پولیس ٹیموں کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مجرمان کی بیخ کنی کیلئے ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی ۔