پنجاب پولیس اور آئی بی کا مشترکہ آپریشن ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

Published On 24 June,2023 01:51 pm

لاہور: (دنیانیوز) پنجاب پولیس اور آئی بی نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے پشاور سے سمگل کی گئی 55 کلو گرام سے زائد منشیات برآمدکرلی ۔

ایس پی سول لائنز گوجرانوالہ کے مطابق صدر گوجرانوالہ پولیس نے انٹیلی جنس بیورو سے ملنے والی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، پولیس ٹیم نے موڑ ایمن آباد کے رہائشی ملزم شیراز کی گاڑی کو مشکوک جان کر چیکنگ کی، پولیس نے گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں میں چھپائی گئی منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔

ایس پی سول لائنز گوجرانوالہ کے مطابق ملزمان سے پشاور سے بھجوائی جانی والی 41 پیکٹوں میں بند 55 کلوگرام سے زائد منشیات برآمدکر لی گئی، برآمد کی گئی منشیات میں بھاری مقدار میں آئس، ہیروئین، افیون اور چرس شامل ہیں۔

پولیس نے ملزم شیراز چودھری کو ساتھی ابوبکر سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور گاڑی بھی قبضے میں لے لی، ملزمان کے خلاف 02 مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس گوجرانوالہ اور آئی بی نے بہترین کوآرڈی نیشن سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم،ایس پی سول لائنز اور صدر پولیس کو شاباش دی ۔