کراچی : (ویب ڈیسک ) کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 2 افرادکو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی کارروائی میں غلام عباس نامی شخص کو کینٹ اسٹیشن کراچی کے قریب واقع ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم بیرون ملک ملازمت کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹس اور لاکھوں روپے وصول کر رہا تھا ۔
ایک اور کارروائی میں آگرہ تاج کالونی سے طاہر محمود نامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری جعلی ویزوں کے باعث ڈی پورٹ ہونے والے افراد کی نشاندہی پر کی گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کو جعلی ویزے دیے تھے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان میں تارکین وطن کی کشتی کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کے بعد ملک بھر میں انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔