وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں باپ بیٹے کے قتل کا نوٹس لے لیا

Published On 09 July,2023 07:27 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ڈکیتی مزاحمت کے دوران باپ بیٹے کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہر میں راہزنی کی وارداتوں اور شہریوں کے قتل کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس کو شہریوں کی جان ومال کو درپیش خطرات کو ختم کرنے کیلئے کارکردگی دکھانا ہو گی، عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کے ذمہ داری ہے، آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی کوئٹہ شہر میں امن و امان کی بہتری کیلئے اقدامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق

انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہر کے سکیورٹی پلان کو از سر نو مرتب کیا جائے، سکیورٹی اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں جاں بحق افراد کے خاندان سے افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ قاتلوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائیگا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بھی باپ بیٹے کے قتل کے واقعے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اپنا رویہ ٹھیک کرے، پولیس، لیویز اقدامات کریں، آئے روز بلوچستان میں خون بہتا نہیں دیکھ سکتا، انہوں نے 24 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ اگر 24 گھنٹے میں ملزمان گرفتار نہیں ہوئے تو میں کل خود ایکشن لوں گا، امن و امان پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، پولیس اور دیگر اداروں کو سرکار اس لیے تنخواہ دیتی ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کریں، امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر میں سخت ایکشن لوں گا۔

واضح رہے کہ قمبرانی روڈ پر مسلح راہزنوں نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو قتل کر دیا تھا۔