لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن دہاڑے موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
لاہور کے علاقے مغل پورہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، مرنے والے افراد کی شناخت عمران اور گڈو کے نام سے ہوئی ہے، پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا بہنوئی کے ساتھ پراپرٹی کا تنازع چل رہا تھا، بہنوئی نے ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کی، قتل کے محرکات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔