نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں موبائل زیادہ استعمال کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کرکے سسر کی مدد سے لاش دریا میں پھینک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے گاؤں کوپالو میں سری ناتھ نامی شخص نے اپنی بیوی پوجا کو موبائل کا زیادہ استعمال کرنے پر موت کے گھاٹ اتار دیا ، اسے بیوی پر افیئر چلانے کا بھی شبہ تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا اور سری ناتھ کی شادی 9 سال قبل ہوئی تھی اور ان کی ایک بیٹی تھی ، وقت کے ساتھ ساتھ پوجا کا سوشل میڈیا کا استعمال بہت بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر لڑائیاں ہوتی رہتی تھیں۔
پولیس کے مطابق قتل سے تین دن پہلے بیوی کی جانب سے موبائل فون زیادہ استعمال کرنے پر سری ناتھ اور پوجا کی بحث ہوئی جو کہ لڑائی میں تبدیل ہوئی تاہم غصے میں آکر شوہر نے بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کرنے کے بعد سری ناتھ نے اپنے سسر شیکھر کے سامنے جرم کا اعتراف کیا،جس کےبعد دونوں نے لاش کو ٹھکانے لگانے کا فیصلہ کیا اور لاش کو موٹر سائیکل پر لے جاکر قریبی دریا میں پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے چند دن بعد سری ناتھ اپنے جرم پر پشیمان ہوا اور اس نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، ملزم نے پولیس کے سامنے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس کے سسر نے لاش کو ٹھکانے لگانے میں اس کی مدد کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم سری ناتھ اور سسر شیکھر دونوں فی الحال پولیس کی حراست میں ہیں، واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔