گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) تھانہ کھیالی میں پولیس کانسٹیبل نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے سب انسپکٹر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل یونس نے سرکاری اسلحہ کے ساتھ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا، واقعہ میں محرر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
پولیس کانسٹیبل یونس فائرنگ کے بعد سرکاری اسلحہ سمیت تھانے سے فرار ہو گیا، پولیس کے اعلیٰ افسران واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال پہنچ گئے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے، جلد حقائق سامنے آئیں گے، مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔