پولیس اور رینجرز کا کچے کے علاقے میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن

Published On 18 September,2023 06:23 pm

شکارپور: (دنیا نیوز) ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی نے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے گڑھی تیغو اور کوٹ شاہو کچے کے علاقے میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا۔

رینجرز کے کرنل اور اے ایس پی سٹی سید فاضل شاہ آپریشن کی نگرانی میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز اور پولیس کے جوان حصہ لے رہے ہیں، کچے کے علاقے میں مطلوب ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے آپریشن کیا جارہا ہے۔

ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی نے بتایا کہ ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کے پہلے مرحلے میں پولیس کے 200 اور رینجرز کے 30 اہلکار حصہ لے رہے ہیں، ٹارگٹڈ سرچ آپریشن میں بکتر بند گاڑیاں، ڈرون ٹیکنالوجی کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے کچے کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں، تمام کچے کے علاقوں کو مورچے لگا کر اور چوکیاں قائم کر کے سیل کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی شکارپورکے مطابق آپریشن میں پولیس کے ٹیکنیکل شعبے کی بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے، پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کا گھیراؤ تنگ کر لیا گیا، ڈاکو خود کو پولیس کے حوالے کر دیں یا مرنے کے لیے تیار رہیں۔