راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری رہا، ایک ماہ کے دوران700 کے قریب بڑے اور متحرک منشیات فروش گرفتار کئے گئے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق گرفتار ملزموں سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی گئی، برآمد کی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے، منشیات فروشوں کے نیٹ ورک اور سپلائی چین کو توڑا گیا ہے، منشیات فروشوں سے 600 کلو (15من) سے زائد چرس، 05 کلو سے زائد ہیروئن اور آئس برآمد ہوئی۔
سی پی او نے مزید بتایا خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 1400 لیٹر سے زائد شراب بھی برآمد ہوئی، پہلی مرتبہ منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کا اقدام بھی اٹھایا گیا، راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے منشیات کے عادی افراد کو ہسپتال شفٹ کیا گیا ہے جہاں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔
سید خالد ہمدانی نے بتایا 300 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو علاج کے لئے ہسپتال بھجوایا گیا ہے، اس ضمن میں نجی ری ہیب اداروں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے، منشیات کے عادی افراد کو اس مرض سے نجات دلا کر معاشرے کا کار آمد حصہ بنایا جا سکتا ہے، منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لئے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔