گوجرانوالہ : (دنیانیوز) صوبۂ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں تہرے قتل کی کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے جس میں مخالفین کی فائرنگ سے ماں اور 2بیٹے جاں بحق جبکہ والد زخمی ہوگیا۔
مقامی پولیس کے مطابق تھانہ تتلے عالی کے علاقہ گھمن والا میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر والدین اور بیٹوں پر گولیاں برسا دیں ، فائرنگ کے نتیجے میں ماں اور 2 بیٹے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ باپ زخمی ہوا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کی جانب سے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اور زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق افسوس ناک واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوشہرہ ورکاں میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ کو سپیشل ٹیم تشکیل دے کر فوری کارروائی کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔