حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کر کے 80 سالہ بزرگ کی جان لے لی۔
فائرنگ کا واقعہ حیدر آباد کے علاقے میانی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں متعدد ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر گھر میں موجود افراد کو ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا، گھر میں موجود بزرگ نے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو گولیاں مار دیں۔
بزرگ موقع پر دم توڑ گئے، ملزمان طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئے، فائرنگ سے مقتول کی بیوی بھی زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔