کراچی: ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا

Published On 18 November,2023 06:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق بولٹن مارکیٹ سے غیر ملکی کرنسی کی غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان میں احمد رضا اور فیضان رضا شامل ہیں جبکہ ملزمان کے نیٹ ورک کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

دونوں ملزمان پرائز بانڈ کاروبار کی آڑ میں سٹیٹ بینک کی منظوری کے بغیرغیر ملکی کرنسی کی خریدوفروخت کر رہے تھے، ملزمان سے 30 سے زائد ممالک کی کرنسی برآمد کر لی گئی، ملزمان سے پرائزبانڈز، بھارتی، ایرانی، عراقی، سعودی ریال سمیت دیگر کرنسی نوٹ برآمد کیے گئے۔