گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پہلوانوں کے شہر میں ڈکیتی کی اپنی نوعیت کی انوکھی واردات ہوئی ہے جس میں ڈاکوؤں کو پکڑنے گئے پولیس اہلکار خود بھی ان کے ہاتھوں لٹ گئے۔
تھانہ کوٹ لدھا کے علاقے تھابل دوچھہ میں ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے تھے، واردات کی اطلاع پر جانے والے پولیس اہلکاروں کو ڈاکوؤں نے دبوچ لیا، 4 ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو واردات کے دوران بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
ڈاکو پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ، نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے، اس سے پہلے ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر متعدد شہریوں سے بھی لوٹ مار کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف متاثرہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔