سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کرنیوالے گروہ کا تعلق غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے نکلا

Published On 05 December,2023 06:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ملک سے آئے سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنے والے ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرتے ہیں۔

گرفتار ملزمان میں سرغنہ شاہ رخ، ریحانہ شاہ رخ اور محمد عرفان شامل ہیں جنہوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے کہنے پر پاکستان میں آئے، سکھ یاتریوں کیخلاف وارداتیں کرتے اور فرار ہو جاتے تھے۔

ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ واردات کے فوری بعد غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو اطلاع دیتے تاکہ دنیا میں پاکستان کی ساکھ مجروح ہو، ملزمان مختلف فورسز کی یونیفارم پہن کر پاکستان میں آئے اور یہاں غیر ملکی شہریوں سے تلاشی کے بہانے وارداتیں کرتے تھے۔

ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ساؤتھ
اس حوالے سے ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ساؤتھ آفتاب احمد پھلروان نے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے اس مکروہ منصوبہ کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور نے کامیابی سے ناکام بنایا، ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی ایکسپرٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج، پبلک ریلیشنز اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی، ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

متاثرہ فیملی کی چیف سیکرٹری پنجاب سے ملاقات
 نوسر بازی کا شکار ہونے والی بھارتی ریاست ہریانہ کی سکھ فیملی کی چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی، سکھ فیملی نے ملزمان کی جلد گرفتاری، رقم و مال مسروقہ کی برآمدگی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

سکھ فیملی کا پنجاب پولیس کی پیشہ وارانہ قابلیت کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے جس طرح ہمارا خیال رکھا اس کی مثال نہیں ملتی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں، ان کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں ایسا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

زاہد اختر زمان نے مزید کہا کہ خصوصی سیاحتی پیکیج کے تحت سکھ یاتریوں کو رہائش، سفر اور سکیورٹی کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، پنجاب حکومت نے حال ہی میں سکھ یاترا بکنگ پورٹل کا آغاز کیا ہے، پورٹل کے ذریعے دنیا بھر سے سکھ یاتری آن لائن ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی حاصل کر سکتے ہیں۔

پنجاب پولیس نے ملزمان کو 4 روز کے اندر کراچی سے گرفتار کیا، ڈی آئی جی آپریشنز
ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے بتایا کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا، ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی اور پرائیویٹ سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی گئی۔