قصور: (دنیا نیوز) ڈکیتی کی دو مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، سامان اور موٹر سائیکل سے محروم ہو گئے۔
قصور کے علاقے علی احمد شاہ کالونی میں ڈاکو اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر کمرے میں بند کر کے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے، متاثرین کی شکایت پر پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔
دوسری جانب ملتان میں 2 ڈاکوؤں نے شہری سے موٹر سائیکل چھین لی، اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزموں کا تعاقب شروع کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ دوسرا اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔