پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں دھند برقرار، موٹرویز بند

Published On 03 January,2024 01:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں دھند آج بھی برقرار ہے، شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی اور برہان سے اسلام آباد، سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ، موٹروے ایم 2 اسلام آباد سے بلکسر، ہزارہ ایکسپریس وے برہان سے جھاری کس، ایم 14 کو ہکلہ سے داؤد خیل انٹر چینج تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب دھند کی وجہ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی اور آمد والی زیادہ تر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، رات سے اب تک تقریباً تمام پروازوں کو تاخیر کا سامنا رہا۔

پی آئی اے کے مطابق پی کے 182 شارجہ سے اسلام آباد کی پرواز پشاور کی طرف موڑ دی گئی، پی کے 134 دبئی سے اسلام آباد کی پرواز لاہور اتار لی گئی، پرواز پی کے 179 دبئی روانہ نہ ہوسکی، پی کے 181 کی اسلام آباد سے شارجہ روانگی میں تاخیر ہوئی۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ روانگی کی پرواز پی کے 325 بھی تاخیر کا شکار ہوئی، کراچی سے لاہور، کراچی سے اسلام آباد، لاہور سے کراچی اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، ایئرپورٹ پر دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر پروازوں کا شیڈول بحال ہو جائے گا، مسافر ایئرپورٹ آمد سے قبل ہیلپ لائن سے پروازوں کی آمد اور روانگی کنفرم کریں۔