فیصل آباد: مختلف علاقوں میں دو مبینہ پولیس مقابلے، 4 ملزمان ہلاک

Published On 10 January,2024 09:22 am

فیصل آباد: (دنیانیوز) پنجاب کے شہر فیصل آباد میں مبینہ دو پولیس مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ صدر کے علاقے میں گرفتار ملزمان کے ساتھیوں نے ان کو چھڑوانے کے لئے پولیس پر فائرنگ کی ، فائرنگ کی زد میں آکر 3 ملزم مارے گئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اے ایس آئی غلام مصطفی بھی شدید زخمی ہوگئے ۔

پولیس کاکہنا ہے کہ ہلاک ملزمان قتل،اقدام قتل کےمقدمات میں زیر حراست تھے، ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت اخلاق عرف اخلاقو ڈان، وقار عرف قاری اور شہباز عرف موٹا کےنام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق  ایک اور مبینہ مقابلہ تھانہ جھمرہ کے علاقے میں ہوا جہاں جھمرہ پولیس گرفتار ملزم کو ریکوری کیلئے لے جارہی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھیوں نے گرفتار ملزم کو چھڑوانے کے لئے پولیس پر حملہ کردیا، گرفتار ملزم بلال اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔