شہریوں نے جان داؤ پر لگا کر خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والے 2 ڈاکو پکڑ لیے

Published On 11 January,2024 05:32 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں خاتون سے پرس چھین کر فرار ہونے والے 2 ڈاکوؤں کو شہریوں نے جان داؤ پر لگا کر پکڑ لیا۔

موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو خاتون سے پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ راستہ بھول جانے کے باعث بند گلی میں داخل ہونے کے بعد پھنس گئے، اس دوران شہریوں نے گھیرا ڈال کر دونوں کو دبوچ لیا، مکینوں نے ملزموں کی خوب درگت بنائی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق خاتون سے چھینا گیا پرس برآمد کر لیا، گرفتار دونوں ڈاکو ڈھوک چراغ کے رہائشی ہیں، ملزموں کو تھانہ سٹی پولیس نے تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی، دونوں ڈاکوؤں سے موٹر سائیکل اور دیگر اشیاء بھی بر آمد کر لی ہیں۔