راولپنڈی کے علاقے ریس کورس میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

Published On 12 January,2024 09:43 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ریس کورس کے علاقے میں بین الصوبائی گروہ کے 4 ملزمان مارے گئے۔

ان ڈاکوؤں نے 3 روز قبل برطانیہ سے آنے والے شہری کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا تھا۔

پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان نے رات گئے ریس کورس کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے بین الصوبائی گروہ کے 4 ڈاکو ہلاک ہوئے۔

ترجمان پولیس نے بتایا ہے کہ پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔

 

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت ساجد عرف گٹو، حسن، محمد علی عرف ببیو اور وسیم کے نام سے ہوئی، جبکہ ملزمان کے قبضہ سے تصرف محمود کا لیپ ٹاپ، بیگ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور پولیس کی وردیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

ملزمان نے پہلے کینیڈا سے آئے ایک شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی، ملزمان ایئر پورٹ پر ریکی اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق گینگ کے ارکان کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں وارداتیں کرتے تھے۔