راولپنڈی : انتہائی مطلوب انسانی سمگلر گرفتار

Published On 16 November,2023 11:42 am

راولپنڈی : (دنیانیوز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتارکرلیے ۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں تنویر خالد اور جہانگیر گل شامل ہیں، ملزم جہانگیر گل کو صدر راولپنڈی جبکہ ملزم تنویر خالد کو جی13  اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق ملزم جہانگیر گل نے متعدد متاثرین سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم جہانگیر گل کا نام انتہائی مطلوب انسانی سمگرز کی ریڈ بک میں شامل تھا ۔

ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ جہانگیر گل نے برطانیہ ملازمت کے نام پر متاثرین سے فی کس 21 لاکھ روپے وصول کیے، ملزم جہانگیر گل گزشتہ کئی سالوں سے روپوش تھا۔

حکام کے مطابق ملزم تنویر خالد نے شکایت کنندہ سے الاؤنس بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم تنویر خالد پیسے وصول کرنے کے بعد بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا ۔

ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔