اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 41 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 695 ہوگئی، ڈینگی سے متاثرہ 80 مریض راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 14 مقدمات درج کیے گئے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 عمارتیں سیل، 10 ہزار روپے جرمانے بھی کیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 3 ہزار 828 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 593 عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے، اس ضمن میں 1 ہزار 85 چالان ٹکٹ جاری اور 66 لاکھ 75 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔