لاہور: (دنیا نیوز) مسلسل بارشوں کے ساتھ ڈینگی نے بھی اپنے ڈنک مزید تیز کرنا شروع کردیئے، ڈینگی لاروا کی مناسب سرویلنس نہ ہونے کے باعث ابھی سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے، انتظامیہ نے انسداد ڈینگی مہم میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا۔
مون سون کے دوران ہونے والی بارشیں اپنے پورے عروج پر ہیں جو ملک بھر میں جل تھل ایک کررہی ہیں، بارشوں کے باعث نقصانات بھی رپورٹ ہورہے ہیں تو اِسی دوران ڈینگی نے بھی اپنے وار تیز کرنے کی تیاری کرلی ہے، شہر میں ابھی سے دو بچوں سمیت مجموعی طور پر نوے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن کی تعداد میں اضافے کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
اندازہ ہے کہ شہر کے 10 ٹاؤنز میں 30 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹس موجود ہیں جن کی مناسب سرویلنس نہ ہونے کے باعث صورت حال سنگین ہونے کے خدشات سامنے آرہے ہیں، اگرچہ قرار دیا جارہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم جاری ہے اور اِس دوران 23 سو سے زائد افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی جا چکی ہیں۔
اِس تناظر میں محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں سے بھی انسداد ڈینگی مہم کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔