خرطوم : ( ویب ڈیسک) سوڈان میں ڈینگی بخار سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی وزارت صحت میں ہیلتھ ایمرجنسی اور وبائی کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ منتصرمحمد عثمان نے ایک بیان میں کہا کہ 9 ریاستوں میں 26 اموات، 462 تصدیق شدہ کیسز اور ڈینگی بخار کے 3439 مشتبہ کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، زیادہ تر کیسز شمالی کردفان، مغربی کردفان اور شمالی دارفر میں رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت صحت نے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کیے ہیں، جن میں متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں بھیجنا، ادویات اور خون کی فراہمی اور انفیکشن اور مشتبہ کیسوں کی رپورٹس کے لیے رابطہ نمبر تفویض کرنا شامل ہے۔
اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ سوڈان میں اکتوبر سے اب تک ڈینگی بخار کے 1068 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔