مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی کا خطرہ منڈلانے لگا جس پر طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ احتیاط نہ برتی گئی تو پچھلے سال کی نسبت رواں سال ڈینگی کیسز میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔
آزاد جموں وکشمیر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے مچھر کی افزائش نسل بڑھ رہی ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام اضلاع میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت عامہ نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، عوام میں ڈینگی کے حوالے سے شعور و آگاہی اجاگر کرنے کیلئے مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے صحت عامہ کیساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے، ڈینگی مچھر زیاد تر گھروں اور آبادیوں کے آس پاس پرورش پاتا ہے۔
ڈینگی بخار کی خطرناک علامتوں میں مریضوں میں غنودگی، چہرے کا رنگ سرخ ہونا، سانس لینے میں دشواری اور ناک یا مسوڑھوں سے خون آنا ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو ڈینگی مچھر کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے خطوط لکھ رہے ہیں۔