لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں ڈینگی کے وار مسلسل بڑھنے لگے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 افراد میں مرض کی تشخیص ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 67 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں 36 مریض زیر علاج ہیں، صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 2 ہزار 678 بیڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔
2011ء میں ڈینگی پوری شدت کے ساتھ سامنے آیا، تب اِس مرض سے 270 اموات ریکارڈ کی گئیں، صورتحال کے پیش نظر تب کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 90 روز کی خصوصی انسداد ڈینگی مہم چلائی جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے، اُس کے بعد 2019ء اور 2021ء میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں کافی شدت دیکھنے میں آئی۔
اب ایک مرتبہ پھر ڈینگی کے پھیلاؤ میں تیز رفتار اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے کیونکہ بارشوں کے باعث جگہ جگہ کھڑے ہونے والے پانی کے ساتھ گرم مرطوب موسم ڈینگی افزائش کیلئے مثالی ماحول فراہم کرتا ہے، لاہور میں اب تک ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 350 سے تجاوز کرچکی ہے جو مسلسل بڑھ رہی ہے۔