راولپنڈی : (دنیانیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے شیخ رشیداحمد کی 9 مئی واقعات پر تھانہ وارث میں درج مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے، وکیل شیخ رشید نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ تھانہ وارث خان میں درج مقدمہ میں 5 اکتوبر کو شیخ رشید کا نام شامل کیا گیا، شیخ رشید کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔
دوران سماعت سردار عبدالرازق خان نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں ، محض سیاسی انتقام اور بدنیتی سے نام شامل کیا گیاہے۔
سپیشل جج اعجاز آصف نے ریمارکس دیے کہ شیخ رشید احمد کی عمر کا لحاظ رکھنا چاہیے ، عدالت نے استغاثہ کو نوٹس دے کر شیخ رشید کی ضمانت 50 ہزار کے مچلکے کے عوض منظور کرلی ۔
عدالت نے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کی 8نومبر تک عبوری ضمانت بھی منظور کرلی، راشد شفیق کی طرف سے بھی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔