راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کھل گئی ہے جس میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد شفٹ ہو جاؤں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ الحمداللہ میری کارڈک کی رپورٹ کافی حد تک تسلی بخش ہے اور اب میری سرجری نہیں ہو رہی، یہ سب آپ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لال حویلی کو جسٹس مرزا وقاص رؤف صاحب کے حکم پر کھول دیا گیا ہے جس کی تزئین و آرائش کے بعد 6 نومبر کو میں لال حویلی شفٹ ہو جاؤں گا، آج رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں اور 5 تاریخ کی دعا کے بعد 6 تاریخ کو ان شاء اللہ لال حویلی میں موجود ہوں گا۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) November 1, 2023
شیخ رشید نے کہا کہ میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دیے گئے ہیں، امید ہے باقی 20 فیصد سامان بھی واپس کر دیا جائے گا، میری تمام مقدموں میں ضمانت ہے اور میرے چلے کے دوران اگر کوئی کیس بنایا گیا ہے تو وہ میرے علم میں نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جناب اعتزاز احسن، جناب سردار لطیف کھوسہ، جناب سلمان اکرم راجہ اور خاص طور پر جناب سردار عبدلرازق کا مشکور ہوں جنہوں نے 12 مقدمات میں میری ضمانت کروانے میں بغیر فیس کے کلیدی کردار ادا کیا، فرداََ فرداََ سب کا شکریہ ادا کرنے ان کے گھروں میں بھی جاؤں گا۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آج کی اہم ترین بات سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کو معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے جو کہ بڑی اہم بات ہے، کوشش کروں گا کہ لاہور میں میڈیا سے بات کر سکوں۔