گوجرانوالہ :(دنیانیوز) ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ ، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اورانسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتارکرلیے۔
ایف آئی اے کی جانب سے حوالہ ہنڈی ، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ملزمان کو گجرات اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون ساجد اکرام کے مطابق ملزمان میں رضوان اختر، غلام مصطفیٰ اور اشتہاری محمد منشاء شامل ہیں ، ملزم رضوان اختر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا ۔
حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے، ملزم سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی کے شواہد بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ اشتہاری ملزم محمد منشا اور غلام مصطفیٰ انسانی سمگلنگ میں ملوث تھے۔
حکام کےمطابق ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، محمد منشاء نے شہریوں کو ترکی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 4 لاکھ 80 ہزار بٹورے، ملزم منشاء ایف آئی اے گجرات سرکل کو 2019 سے مطلوب تھا جبکہ غلام مصطفیٰ نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 5 لاکھ 43 ہزار روپے بٹورے۔
حکام کےمطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔