لاہور: (دنیانیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب نے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 23 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 229 آئی بی اوز آپریشن کیے ، یہ کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی ، بہاولپور، راولپنڈی ، راجن پور، سیالکوٹ ، فیصل آباد، چنیوٹ ، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے القاعدہ کا اہم سہولت کار گرفتارکرلیا گیا ، دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم ، غفران، کامران، شاہ محمد، شاکر، عمران ،شاہی محمد ، انصاف اللہ، ثمر خان، اسلم ، قدوس وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد 2 ہینڈ گرنیڈ، 20 ڈیٹونیٹر ، 51 فٹ حفاظتی فیوز وائر، اسلحہ ، گولیاں اور نقدی بھی برآمد کی گئی ، دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے962 کومبنگ آپریشنز کے دوران 133 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 37739 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔