لاہور(دنیا نیوز)امیر بالاج قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور واقعہ کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں ہارون نامی ملزم کو شناخت کرلیا گیا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وقوعہ کے روز ملزم ہارون نے امیر بالاج ٹیپو پر فائرنگ کی مانیٹرنگ کی جبکہ فرار ہونے سے پہلے ہارون نے فائرنگ بھی کی۔
بالاج پر فائرنگ کرنے والا ملزم مظفر ہارون کو اپنے ساتھ لے کر آیا تھا اور فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے سے ہارون موقع سے فرار ہوگیا۔
ویڈیو میں لال جیکٹ میں ملبوس شوٹر ہارون کو جائے وقوعہ سے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے،قتل کیس میں مقتول امیر بالاج کا دیرینہ دوست احسن شاہ بھی گرفتار ہے، ملزم کو امیر بالاج کی ریکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے تھے، جس کا مقدمہ پولیس نے تھانہ چوہنگ میں درج کر رکھا ہے۔