تاجر اور اس کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ڈی آئی جی لیاقت علی ملک کو ہٹا دیا گیا

Published On 16 March,2024 04:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) تاجر اور اس کے ملازم پر تشدد کا ذمہ دار ہونے پر ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم لیاقت علی ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی جانب سے تاجر اور اس کے ملازم پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا جس کا ذمہ دار سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم لیاقت علی ملک کو ٹھہرایا جس کے بعد انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ معاملے کا نوٹس لے چکے، ان کی ہدایت پر ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کو فوری طور پر تبدیل کر دیا گیا، انٹرنل اکاؤنٹبلٹی بیورو تحقیقات کر رہی ہے جس کی روشنی میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل لیاقت علی ملک کی موجودگی میں نجی ہسپتال کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر ان کو ڈی آئی جی سی آئی اے کے عہدے سے برطرف کر کے او ایس ڈی بنایا گیا تھا۔