لاہور: (ویب ڈیسک) گلشن اقبال پولیس نے شہریوں کو اغواء کرکے اسلام آباد لے جا کر گردے نکالنے والے گروہ کا کارندہ دھر لیا۔
ایس ایچ او گلشن اقبال سید قمر عباس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران انسانی گردے فروخت کرنے والےگینگ کے رکن کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم ندیم اپنے ساتھی شعیب کیساتھ ملکر لوگوں کو اغواء کرکے اسلام آباد لیجاتا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان لوگوں کو اپنے پاس بلاتے پھر اغواء کرکے اسلام آباد ڈاکٹر ظفر نامی شخص کے پاس لے جاتے، ڈاکٹر ظفر گردے نکال کرملزمان کو رقم کی ادائیگی کرتا تھا، ملزمان ایک گردے کے عوض ساڑھے 04 لاکھ روپے کہہ کر متاثرہ شخص کو 50 سے 60 ہزار روپے دیتے تھے۔
گزشتہ دنوں ملزمان نے گھر میں رنگ کرنے کے بہانے ساتھ لیجانے کیلئے ایک شخص کو گاڑی میں بٹھایا اور جوس پلا کر بیہوش کیا، متاثرہ شخص سلیم مزدوری کرتا تھا، ملزمان متاثرہ شخص سلیم کو اغواء کرکے گردہ نکال کر رفوچکر ہو گئے۔
متاثرہ شخص نے پولیس سے رابطہ کیا جس پرملزم ندیم کو گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس ٹیم ملزم کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوشاں ہے۔