صادق آباد :(دنیا نیوز) کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں صادق آباد کے دو مغوی دکانداروں کا بہیمانہ قتل، مرحوم احسن کی نماز جنازہ ادا، آہوں سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے احسن کی نماز جنازِہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پڑھائی، نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکوؤں نے چند روز قبل احسن اور شہزاد کو چھت کی سیلنگ لگانے کے بہانے بلوا کر اغوا کر لیا، تاوان ادا نہ کرنے پر دونوں مغویوں کو بے دردی سے قتل کر کہ لاشیں دریا سندھ میں پھینک دیں۔
احسن کی ڈیڈ باڈی کو دریائے سندھ سے نکال لیا گیا جبکہ شہزاد کی لاش کے لیے ریسکیو کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کچے میں ڈاکو راج قائم ہے، مغویوں کو پورے پاکستان سے جھانسہ دیکر اغوا کیا جاتا ہے، صوبائی حکومتیں ڈاکوؤں کیخلاف ناکام ہو چکی ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مغوی احسن کی بہنیں قرآن پاک لیکر ڈاکوؤں کے پاس گئیں، ڈاکوؤں نے احسن اور شہزاد کو قتل کرکے لاشیں دریا برد کیں، ڈاکو سوشل میڈیا پر سر عام دھمکیاں لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ریاست کو ڈاکوؤں کے نام پتے سب معلوم ہیں اب کارروائی کا وقت ہے، وزیر اعظم، آرمی چیف اور آئی جی پنجاب اپنی ذمہ داری ادا کریں۔