گوجرانوالہ : ( دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے اہم کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محسن رضا، علی مرتضیٰ عرف علی احمد اور علی شمراز شامل ہیں ،ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے ہتھیائے، ملزم علی شمراز نے شہری کو غیر قانونی طور اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 50 لاکھ سے زائد رقم وصول کی ، ملزم علی مرتضیٰ نے شہری کو غیر قانونی طور پر ترکی بھجوانے کے لیے 2 لاکھ 30 ہزار روپے وصول کیے۔
حکام کے مطابق ملزم سال 2019 سے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ کو مطلوب تھا ، ملزم محسن رضا نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے 4 لاکھ روپے وصول کیے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔