لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈور پھرنے سے 7 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈور پھرنے کا افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے سبزہ زار میں پیش آیا، زخمی ہونے والے بچے کی شناخت ذوالفقار کے نام سے ہوئی، بچے کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی جس کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔
واضح رہے پنجاب میں پابندی کی باوجود پتنگ بازی زور و شور جاری ہے، چند روز قبل راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں بسنت بھی منائی گئی، پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہ ہو سکا، شہری آج بھی خونی کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں۔