لاہور: (دنیا نیوز) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، سی آئی اے پولیس نے احسن شاہ کی باقاعدہ گرفتاری ڈال دی۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس کی جانب سے احسن شاہ کو امیر بالاج کی مخبری کے الزام میں حراست میں رکھا گیا ہے، احسن شاہ مقتول امیر بالاج کا قریبی دوست تھا۔
احسن شاہ پر مقدمہ میں نامزد ملزموں کیساتھ رابطوں کا الزام ہے، احسن شاہ نے مبینہ طور پر مخبری کیلئے نامزد ملزموں سے رقم وصول کی، احسن شاہ کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے 19 فروری کو ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے تھے، قتل کا مقدمہ پولیس نے تھانہ چوہنگ میں درج کر رکھا ہے۔