لاہور: (دنیا نیوز) پاکپتن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک، دوسرا گرفتار جبکہ کانسٹیبل زخمی ہو گیا، لاہور میں ڈاکوؤں نے شہری کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کی حدود میں 2 ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، ڈاکوؤں کی گولیاں لگنے سے ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم بھی گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، ہلاک ملزم سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 3 مسلح ڈاکوؤں نے گھر کے باہر کھڑے عدنان نامی شہری سے موبائل فون، نقدی چھین لی اور بآسانی فرار ہو گئے، پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔