کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکو بلا خوف و خطر دندنانے لگے، شہر قائد میں تاجروں کو 50 لاکھ روپے سے زائد محروم کر دیا گیا، بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر آئی جی سندھ نے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں مسلح ڈاکوؤں نے تاجر کو 50 لاکھ روپے سے محروم کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے، دوسری طرف کورنگی نمبر ساڑھے 3 کے قریب ڈاکو ایک اور تاجر سے 40 ہزار نقدی اور دیگر اشیا لوٹ کر لے گئے۔
کراچی میں سٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے کے بعد آئی جی سندھ نے آج صبح 11 بجے اہم اجلاس طلب کر لیا جس میں کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز شرکت کریں گے، پولیس افسران سال 2023ء اور 2024ء کے گراف کے ہمراہ بریفنگ دیں گے۔
اجلاس کے دوران پولیس افسران آئی جی سندھ کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل اور زخمیوں کے کیسز کی تفتیش سے آگاہ کریں، سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر بھی غور کیا جائے گا، کسی صورت میں بھی کیسز کی تفتیش میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔