کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں کرائم کا جن قابو سے باہر ہو گیا، شہر میں دند ناتے ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔
ایوب گوٹھ میں لٹیروں کی فائرنگ سے شہری چل بسا، مقتول فیکٹری سے کھانا کھانے دوستوں کے ساتھ گھر آرہا تھا، پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بنا، مقتول 4 بچوں کا باپ اور میر پور خاص کا رہائشی تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: پولیس کی گینگ وار کیخلاف کارروائی، انتہائی مطلوب کمانڈر گرفتار
کراچی میں ڈاکو یکم رمضان سے اب تک 10 افراد کی جانیں لے چکے ہیں، فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے رائیڈر کو لوٹ لیا، موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں ڈاکوؤں نے میڈیکل سٹور پر دھاوا بول دیا، ملزم ہزاروں روپے اور 4 موبائل فونز چھین کر رفو چکر ہو گئے۔
اورنگی ٹاؤن اور ایف بی ایریا میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔