کراچی :(دنیا نیوز ) نیو کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں گزشتہ روز ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلے کے دوران فائرنگ سے نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس مقابلے اور نوجوان کانجھی کے قتل کا مقدمہ تھانا سہراب گوٹھ میں ہیڈ کانسٹیبل محمد توفیق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں مدعی کانسٹیبل محمد رفیق نے بتایا کہ ساتھی اہلکاروں کے ہمراہ گشت پر معمور تھا کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔
متن میں یہ بھی بتایا گیا کہ جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان موٹر سائیکل سے گرگئے تھے ، جس میں ایک ڈاکو سمیر زخمی ہوا جبکہ اس کا ساتھی زاہد اپنا اسلحہ پھینک کر فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے راہگیر زخمی ہوا جوہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واضح رہے شہر قائد میں رواں سال کے دوران اب تک ڈاکو کی فائرنگ سے 49 شہری قتل کردیئے گئے۔