کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس بے لگام ڈاکوؤں کو روکنے میں ناکام ہو گئی، تین ملزم شہری کو لوٹ کر فرار ہو گئے، حیدر آباد اور جیکب آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں 3 موٹر سائیکل مسلح ڈاکوؤں نے شہری کو روک کر موبائل فون، نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے، واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، پولیس نے متاثرہ شخص کی شکایت پر ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب حیدرآباد کے تھانہ پھلیلی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت شاہنواز کے نام سے ہوئی جو 15 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، پولیس نے تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔
ادھر جیکب آباد کے علاقے تھرڑی میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، پولیس نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔