بہاولنگر: (دنیانیوز) پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے علاقے کوڑا کھوہ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل سوار دو بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بھائی قتل کے مقدمہ کی پیشی کیلئے عدالت جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت صابر اور ننھا خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ بظاہر واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیس اور کرائم سین کی ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔