لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق، چار پولیس اہلکاروں سمیت 12 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق عارف والا کے نواحی علاقے میں موٹر سائیکل اور رکشے کے درمیان خوفناک تصادم ہوا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوئے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر گوجرانوالہ کے علاقے عزیز کراس چوک کے قریب سڑک کنارے کھڑے شخص کو اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، پاکپتن میں ایمبولینس سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اوچ شریف میں موٹروے ایم 5 پر تیز رفتار بس نے پولیس وین کو ٹکر مار دی جس کے بعد وین موٹروے سے نیچے جاگری، حادثے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق بس ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے بس پولیس وین سے ٹکرائی، پولیس وین میں ملزمان کو لاہور سے ڈی این اے کرا کر واپس راجن پور لے جایا جا رہا تھا، حادثہ اوچ شریف میں موٹروے ایم 5 انٹرچینج کے قریب پیش آیا۔