میلسی: کپڑے سلائی کرنے سے انکار پر گاہکوں کا ٹیلر ماسٹر پر تشدد

Published On 06 April,2024 10:48 am

میلسی: (دنیا نیوز) کپڑے سلائی کرنے سے انکار کرنا غریب درزی کا جرم بن گیا۔

پنجاب کے شہر میلسی میں عید پر کپڑے سلائی کرنے سے انکار پر گاہکوں نے درزی محمد آصف پر مبینہ لوہے کے راڈز سے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔

ٹیلر ماسٹر محمد آصف کا کہنا تھا کہ بکنگ بند ہونے کی وجہ سے سلائی کیلئے کپڑے لینے سے انکار کیا، ملزمان نے کہا کہ اگر ہمارے کپڑے سلائی نہ کئے تو نتائج بھگتنا ہوں گے، مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹیلر ماسٹر کو زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔