کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، ایک زخمی، 2 ملزم بھی گرفتار

Published On 09 April,2024 06:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ نوجوان زخمی ہو گیا، مبینہ مقابلے کے دوران 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں مسلح ڈاکوؤں نے شہری کو روک کر لوٹ مار شروع کی تو مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شہری شدید زخمی ہو گیا۔

شہری کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی جو گلشن اقبال کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی :کارپر فائرنگ سے 2افراد قتل ، ڈاکو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لے کر فرار

ادھر بلوچ کالونی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عالم چوک بلاک D/13 پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران 2 ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے پولیس نے دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی کے دوران دو ملزم زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بابر اور جاوید کے ناموں سے ہوئی، ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ، دو پسٹل بمعہ ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کر لیے ہیں۔