کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مسجد کے احاطے میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گیس لیکیج سے دھماکے کا افسوسناک واقعہ کوئٹہ میں کچلاک کے علاقے کلی کتیر میں پیش آیا جہاں نماز کے دوران اچانک سے زور دار دھماکا ہو گیا، دھماکے میں ایک اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی جائے وقوعہ کو سیل کر کے دھماکے کا مکمل معائنہ کیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے ابتدائی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے ثبوت نہیں ملے، واقعہ گیس لیکیج معلوم ہوتا ہے، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس ہے، زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔