کراچی: مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ملزم مارا گیا

Published On 16 May,2024 06:57 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نادرن بائی پاس پر زیرو پوائنٹ کے قریب ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ دیا، ملزم کی شناخت نادر بروہی کے نام سے ہوئی، پولیس نے اسلحہ برآمد کر کے لاش ہسپتال منتقل کر دی۔

پولیس کے مطابق ملزم قتل، ڈکیتی، سٹریٹ کرائم سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم نے رواں سال 30 اپریل کو سرجانی ٹاؤن میں چوکیدار کو قتل کر کے لاکھوں روپے لوٹے تھے۔